بدھ، 31 اکتوبر، 2018

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ


وزیر اعظم کی منظوری کے   بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ پٹرول 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے مہنگا کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی۔ اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ اوگرا کی سمری کے مطابق یکم نومبر سے پٹرول کی قیمت میں9 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔


اوگرا کی سمری میں حکومت سے مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 47 پیسے ، ڈیزل کی قیمتوں میں13روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں6 روپے 48 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان بتایا گیا تھا۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظوری کیلئے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی۔
   آج وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی جانی تھی ۔
اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں 13 روپے فی لٹر اضافے کی بجائے 6 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کر لی ہے۔وزیر اعظم کی منظوری کے بعد  پٹرول 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل6 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔

کلمہ شہادت سے آغاز، قرآنی آیات ، اقبال کے شعر کا حوالہ، آسیہ مسیح کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری، اردو زبان میں پڑھیں



اسلام آباد : سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ مسیح توہین رسالت ﷺ کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔ 56 صفحات پر مشتمل فیصلہ  تحریر کیا گیا ہے جس کا آغاز چیف جسٹس نے کلمہ شہادت سے کیا ہے۔ فیصلے میں علامہ اقبال کے اشعار، قرآن پاک کی آیات کے حوالے دیے گئے ہیں جبکہ باچا خان یونیورسٹی میں توہین رسالت ﷺ کے الزام میں قتل کیے گئے طالب علم مشعال خان سمیت توہین مذہب کے دیگر کیسز کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے توہین رسالت ﷺ کے الزام میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو بری کردیا گیا ہے۔ آسیہ بی بی کی بریت کا 56صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریر کیا جس میں سینئر جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کا نوٹ بھی شامل ہے۔تحریری فیصلے کا آغاز کلمہ شہادت سے کیا گیا جبکہ فیصلے میں کئی قرآنی آیات اور علامہ اقبال کے شعر کا بھی حوالہ دیا گیا۔عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں باچا خان یونیورسٹی میں توہین کے الزام میں قتل کیے گئے طالب علم مشعال خان سمیت توہین مذہب کے دیگر کیسز کا بھی حوالہ دیا۔
چیف جسٹس نے فیصلے میں لکھا، 'یہ قانون کا ایک مسلمہ اصول ہے کہ جو شخص کوئی کلیم (دعویٰ) کرتا ہے تو اس کو ثابت کرنا بھی اسی کی ذمہ داری ہوتی ہے، پس یہ استغاثہ کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ تمام کارروائی میں ملزم کے ارتکاب جرم کو ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرے، تمام کارروائی مقدمہ میں ملزم کے ساتھ بے گناہی کا قیاس ہمیشہ رہتا ہے، چہ جائیکہ استغاثہ شہادتوں کی بنیاد پر ہر طرح کے شک و شبہ سے بالاتر ہو کر ملزم کے خلاف جرم کا ارتکاب ثابت نہ کردے'۔

عدالتی فیصلے کے مطابق، 'جہاں کہیں بھی استغاثہ کی کہانی میں کوئی جھول ہوتا ہے، اس کا فائدہ ملزم کو دیا جانا چاہیے، جو کہ فوجداری انصاف کی محفوظ فراہمی کے لیے انتہائی ضروری ہے'۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے لکھا، 'شبہ جس قدر بھی مضبوط اور زیادہ ہو، کسی طور پر بھی فوجداری مقدمے میں ضروری بار ثبوت کی جگہ نہیں لے سکتا، ملزم اور گواہان/ شکایت گزار کے مابین عناد کی موجودگی میں عام طور پر گناہ یا بے گناہی کو ثابت کرنے کے لیے اعلیٰ ترین معیارِ ثبوت کی ضرورت ہوتی ہے، اگر استغاثہ کے گواہان ملزم کے لیے عناد رکھتے ہوں تو وہ شک کے فائدے کے اصول کی بناءپر بریت کا حقدار ہوتا ہے'۔
آخر میں چیف جسٹس نے اپنے فیصلے میں لکھا، 'متذکرہ بالا وجوہات کی بناءپر یہ اپیل منظور کی جاتی ہے۔ عدالت عالیہ اور ابتدائی سماعت کی عدالت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔نتیجتاً اپیل گزار کو دی گئی سزائے موت کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے اور اس کو تمام الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔ اگر کسی دیگر فوجداری مقدمے میں اس کو قید رکھنا مقصود نہیں تو اس کو فوری طور پر جیل سے رہا کیا جائے گا'۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 8 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل بھی شامل تھے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے فیصلہ محفوظ کرتے وقت حکم جاری کیا تھا کہ کیس کا فیصلہ آنے تک کسی ٹی وی چینل پراس کیس سے متعلق کوئی بحث نہیں کی جائے گی۔قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آسیہ مسیح کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے لیے دائر درخواست مسترد کر دی تھی۔
آسیہ مسیح مبینہ طور پر جون 2009 میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی مرتکب ہوئی تھی۔ ملزمہ کو نومبر 2010 میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزائے موت سنا دی تھی۔سزا کے خلاف آسیہ مسیح نے 2014 میں لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے بھی توہین رسالت میں ٹرائل کورٹ کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔

2011 میں اسی معاملہ سے جڑے سلسلہ میں پنجاب کے اس وقت کے گورنر سلمان تاثیر کو ان کے محافظ ممتاز قادری نے قتل کر دیا تھا۔ قتل سے کچھ عرصہ پہلے سلمان تاثیر نے جیل میں آسیہ بی بی سے ملاقات کر کے ملزمہ سے اظہار ہمدردی کیا تھا۔سابق گورنر نے ملزمہ کے ہمراہ جیل میں پریس کانفرنس کی تھی۔ سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کو 2016 میں سزائے موت دے دی گئی تھی۔آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل سننے والے عدالتی بینچ میں شامل جسٹس آصف سعید کھوسہ ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف اپیل سننے والے بینچ کے سربراہ تھے۔

صدرعارف علوی کراچی میں 11 سال سے بند لوکل ٹرین کا آج افتتاح کریں گے

               ٹرین کا روٹ 65 کلومیٹر پر محیط ہوگا جس کا کم از کم ٹکٹ 25 روپے اور زیادہ سے زیادہ 80 روپے ہوگا—۔  

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی میں 11 سال سے بند لوکل ٹرین کا آج افتتاح کریں گے۔ اس ٹرین کے ذریعے یکم نومبر سے روزانہ ہزاروں افراد سفری سہولیات حاصل کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق کراچی سٹی اسٹیشن سے دھابیجی کے لیے لوکل ٹرین صبح 7 بجے اور شام پونے 6 بجے روانہ ہوگی جبکہ دھابیجی سے کراچی سٹی کے لیے صبح 6 بجے اور شام 5 بجے ٹرین روانہ ہوگی۔
یہ ٹرینیں ڈرگ روڈ، ڈرگ کالونی، ملیر سٹی لانڈھی اور بن قاسم اسٹیشنوں پر رکیں گی۔

ٹرین کا روٹ 65 کلومیٹر پر محیط ہوگا جس کا کم از کم ٹکٹ 25 روپے اور زیادہ سے زیادہ 80 روپے ہوگا۔ 
کراچی میں لوکل ٹرین سروس کا آغاز 60 کی دہائی میں ہوا تھا اور روزانہ دو درجن سے زائد ٹرینیں تین مختلف روٹس پر کراچی کے سٹی اسٹیشن سے دھابیجی، ملیر کینٹ اور کھوکھراپار جاتی تھیں۔
بعد میں ایک توسیعی منصوبے کے تحت 70 کی دہائی میں سرکلر ریلوے کا آغاز ہوا۔ 
ریٹائرڈ ریلوے ملازم منظور رضی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انھوں نے سرکلر ریلوے کا پہلا ٹکٹ فروخت کیا تھا۔
کراچی شہر کی آبادی میں تیزی سے اضافے کے باوجود لوکل ٹرینیں رفتہ رفتہ کم ہوتی گئیں اور 2007 میں کراچی اور دھابیجی کے درمیان اور 2014 میں کراچی اور لانڈھی کے درمیان چلنے والی لوکل ٹرین بند کردی گئیں۔ 
تاہم ریلوے حکام نے ایک بار پھر کراچی سے دھابیجی کے درمیان لوکل ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے۔

منگل، 30 اکتوبر، 2018

تبدیلی نے پاکستانی صحافت کو بھی نہ بخشا۔۔۔۔ سب سے بڑا میڈیا گروپ ’’ وقت نیوز‘‘بند ، صحافتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی


لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان میں اس وقت ٹی وی چینلز اور اخبارات کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات میں کئی چینلز جیسے تیسے اپنے اخراجات کو کنٹرول کر کے نشریات بحال رکھنے کوشش مین جٹے ہوئے ہیں تاہم ا یسی خبر آ گئی کہ ہے سن صحافتی دنیا کو شدید ترین دھچکا لگے گا ۔تفصیلات کے مطابق میڈیا چینلز اس وقت مالی مشکلات میں گھرے ہیں کیونکہ پاکستان میں معیشت کی حالت کافی خراب ہے جسے حکومت بحال کرنے کیلئے دوست ممالک سے
قرض حاصل کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے جس کا اثر میڈیا چینلز پر بھی پڑ رہا ہے کیونکہ سرمایہ کار پاکستان میں پیسہ لگانے سے گھبرا رہے ہیں اور اشتہارات مکمل طور پر بندہیں ۔


 ٹی وی چینلز اور اخبارات کی کمائی کا واحد راستہ اشتہارات ہی ہوتا ہے ۔انہی مشکلات سے دوچار چینل ’ وقت ‘ نیوز نے پہلے مراحل میں چینل میں ملازمین کی تعداد کو کم کیا لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ مل سکی تاہم آہستہ آہستہ حالات یہاں تک پہنچ گئے کہ انتظامیہ کو چینل کی نشریات مکمل طور پر بند کرنا پڑ گئیں ہیں ۔ حال ہی میں چینل سے فارغ ہونے والے صحافی مطیع اللہ جان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے صحافتی دنیا کو اس افسردہ خبر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ” وقت ٹی وی کا تمام عملہ نوکریوں سے فارغ کر دیا گیاہے اور پاکستان بھر کے دفاتر بھی بند کر دیئے گئے ہیں

کے پی میں صحت کا نظام سندھ سے بھی گیا گزرا ہے، چیف جسٹس


اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکا کہنا ہے کہ کے پی کے میں صحت کا نظام سندھ سے بھی گیا گزرا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں خیبرپختونخوا میں ہسپتالوں کے فضلہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں وزیرصحت کے پی کے عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری ہسپتالوں سے روزانہ 4 ہزار137 کلو اور نجی ہسپتالوں کا فضلہ 6 ہزار کلوتک روزانہ کا ہے، ہسپتالوں کا فضلہ بیماریوں کا سبب بن رہا ہے جبکہ کے پی کے میں صحت کا نظام سندھ سے بھی گیا گزرا ہے۔
سماعت کے دوران صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ فضلہ ٹھکانے لگانے کےلئے مشینری خرید رہے ہیں جبکہ روزانہ 3 ہزار 933 کلو فضلہ ٹھکانے لگایا جارہا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کے پی کے حکومت سے 10 دن میں ہسپتالوں کا فضلہ ٹھکانے لگانے کے پلان سمیت تمام معلومات کے ساتھ وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کا بیان حلفی طلب کرتے ہوئے سماعت 10 دن کےلئے ملتوی کردی۔

پیر، 29 اکتوبر، 2018

شریف برادرانز کیلئے خوشخبری : سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی نیب کی اپیل مسترد کردی



اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی نیب کی اپیل مسترد کردی۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق نیب کی نظرثانی اپیل کی سماعت کی ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کےساتھ گیم نہ کھیلیں،بتائیں جرم کیاہے،فیصلے میں کیاغلطی ہے؟
جسٹس قاضی فائزعیسی نے کہا کہ کوئی نظیرپیش کرنے سے پہلے بتائیں فیصلے میں کیاغلطی ہے؟اسحاق ڈارسب مان بھی لیں توکیس پرکیااثر پڑتاہے؟نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پانامانظرثانی فیصلے میں بحث کی گئی ہے،جسٹس مظہر عالم نے کہا کہ آپ نے کئی برسوں تک مقدمہ لٹکائے رکھا، کتنے سال ایک بندے کے سرپرتلوارلٹکاکررکھیں گے،جسٹس قاضی فائزعیسی نے ریمارکس دیئے کہ نیب کسی اور کی جنگ لڑرہاہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پرویزمشرف نے جمہوری حکومت ختم کی،اس جملے کوحذف کردیں،جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ میراخیال ہے آپ پرویزمشرف کے وکیل نہیں،آپ کواس سے کیوں تکلیف ہورہی ہے؟ یہ پرویزمشرف کی درخواست تونہیں؟۔
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے دوبارہ استفسارکیا کہ پرویزمشرف کےخلاف مقدمہ بنایا؟آپ کہتے ہیں انہوں نے نوازشریف کوباہربھجوایا،پرویزمشرف کےخلاف مقدمہ کیوں نہیں بنایا؟نیب اپنے اعتمادکوکیوں تباہ کررہا ہے؟۔نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاناماکافیصلہ دیکھیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہاں حدیبیہ کانظرثانی کیس ہے،پاناماکانہیں،نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پاناماکیس میں کہاگیاحدیبیہ کے معاملے کی ازسرنوتفتیش کریں۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر حدیبیہ پیپرملزریفرنس دوبارہ کھولنے سے متعلق نیب اپیل مستردکردی ،عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ریفرنس دوبارہ کھولنے کی کوئی وجہ نہیں۔

پاکستان کی تایخ کا سب سے بڑا سائبر حملہ ، ہیکرز نجی بینک سے 50لاکھ ڈالر سے زائد رقم لے اڑے



کراچی :پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑا سائبر حملہ ہواہے جس میں ہیکرز نے نجی بینک کو 5ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے ۔

دنیا نیوز کے مطابق سٹیٹ بینک کے ذرائع کی جانب سے انکشاف کیاگیاہے کہ ہیکر ز نجی بینک سے پانچ ملین ڈالرسے زائد رقم لے اڑے ہیں اور اس حملے کوپاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے ۔ سائبر حملے کے بعد سٹیٹ بینک نے سکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں اور متاثرہ بینک کو صارفین کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کا کہاہے

اتوار، 28 اکتوبر، 2018

دنیابھر سے آنے والے عمرہ زائرین میں پاکستان پہلے،ترکی آخری نمبرپر


جدہ (این این آئی)سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ امسال محرم میں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک 6 لاکھ 88 ہزار 184 ویزے جاری کئے جاچکے ہیں ۔ سب سے زیادہ عمرہ ویزے پاکستان کیلئے جاری کئے گئے جن کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 824 ہے ، دوسرے نمبر پر بھارت کیلئے 95 ہزار 749 عمرہ ویزے جاری کئے گئے ۔ اب تک سب سے کم عمرہ ویزے ترکی کیلئے جار ی ہوئے جن کی تعداد 4 ہزار 652 رہی ۔ مختلف ممالک کے لئے جاری عمرہ ویزوں پر اب تک مملکت آنے والے معتمرین کی تعداد 4 لاکھ 11 ہزار 654 رہی ۔ایک لاکھ 56ہزار 529 معتمرین مملکت سے واپس جاچکے ہیں ۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ اس وقت مملکت میں 2 لاکھ55 ہزار 125 معتمرین موجود ہیں جن میں سے ایک لاکھ 79 ہزار 643 مکہ مکرمہ اور 75 ہزار 482 مدینہ منورہ میں مقیم ہیں ۔ سب سے زیادہ فضائی راستے سے معتمرین مملکت پہنچے جن کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 750 رہی جبکہ بری راستوں سے 24 ہزار 880 اور سمندری ذریعے سے 24 معتمرین مملکت پہنچے ۔
 انڈونیشا سے آنے والے معتمرین کی تعداد اب تک 59 ہزار 307 ، ملیشیاء سے 9558 ، برطانیہ سے 9319، متحدہ عرب امارات سے 8935 ، اردن سے 8278 اور بنگلہ دیش سے 5857 معتمرین مملکت آئے ۔

دنیا کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی خواہاں


متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی کمپنی ایمار وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ منصوبے کے تحت کم لاگت گھر تعمیر کرنے کیلئے تیار ہوگئی

 دنیا کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی خواہاں، متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی کمپنی ایمار وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ منصوبے کے تحت کم لاگت گھر تعمیر کرنے کیلئے تیار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظمعمران خان نے عام انتخابات سے قبل اپنی جماعت کا منشور پیش کرتے ہوئے اعلان کیا تھا ملک کے مختلف شہروں میں غریب عوام کیلئے سستے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔


وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں کامیابی اور وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد قوم سے کیے گئے اپنے پہلے خطاب کے دوران بھی اعلان کیا کہ حکومتغریب اور کم آمدنی والے افراد کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں 50 لاکھ گھر تعمیر کرے گی۔


یہ گھر 5 سال کے عرصے کے دوران تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ حکومت نے اس منصوبے کا نام نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ رکھا۔

تاہم اس حوالے سے ناقدین نے اعتراض کرتےہوئے کہا کہ اس منصوبے کیلئے اربوں ڈالرز سرمائے کی ضرورت ہے، لہذا یہ منصوبہ کبھی تعمیر نہیں ہو پائے گا۔ تاہم اب دنیا کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔ متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی کمپنی ایمار وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ منصوبے کے تحت کم لاگت گھر تعمیر کرنے کیلئے تیار ہوگئی ہے۔


ایمار کمپنی کے حکام نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی تھی۔ اس دوران ایمار کے حکام نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ وہ ان کے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو بنانے کیلئے تیار ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان اپنی کابینہ سے تفصیلی مشاورت کر رہے ہیں۔ مشاورت کے بعد ایمار کو 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایمارمتحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے کئی ممالک میں حیرت انگیز تعمیری منصوبے مکمل کر چکی ہے۔